“ٹانک میں ٹریفک پولیس وین پر مسلح حملہ، 3 اہلکار جاں بحق، 3 افراد زخمی”

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں ٹریفک پولیس کی موبائل وین کو مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ وزیرآباد بازار کے علاقے میں پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں تین ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے، جبکہ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دو راہ گیر بھی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی اپنے ساتھ لے گئے، تاہم یہ گاڑی بعد میں گارا بدھا کے علاقے سے برآمد کر لی گئی۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مشتبہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ابھی تک کسی گروہ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کیے جانے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *